اسلام آباد(نیوزڈیسک)اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تحریک انصاف کے خط کا جواب دے دیا۔ جس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر 18 سے 34 روپے تک اضافی وصول کر رہی ہے۔ تحریک انصاف نے اوگرا کو خط کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی قیمت اور اس پر عائد ٹیکسز کی تفصیلات مانگی تھیں۔ اوگرا نے تحریک انصاف کو بھجوائے گئے جوابی خط میں بتایا ہے کہ حکومت پٹرول اور ڈیزل پر صارفین سے کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کر رہی ہے۔ ڈیزل پر 3 روپے 75 پیسے اور پٹرول پر نواسی پیسے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی لے رہی ہے۔ اوگرا خط کے مطابق پٹرول کی فی لیٹر درآمدی قیمت 39 روپے چوراسی پیسے ہے جبکہ حکومتی نرخ 73 روپے 76 پیسے ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی درآمدی قیمت چالیس روپے چون پیسے اور حکومتی قیمت چوراسی روپے چار پیسے مقرر ہے۔ پاکستان پہنچنے پر فی لیٹر مٹی کے تیل کے نرخ اڑتیس روپے 43 پیسے بنتے ہیں جبکہ حکومت صارفین سے ستاون روپے چودہ پیسے فی لیٹر وصول کر رہی ہے۔