راولپنڈی(این این آئی)بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ملزم اپنے عبرتناک انجام کو پہنچ گیا۔پولیس کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ امرال کے علاقے میں پولیس مقابلہ ہوا، جس میں فائرنگ کے دوران ایک ملزم ہلاک اور 2 فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت محمد عباس کے نام سے ہوئی، جس سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔
مقابلے میں ہلاک ملزم معصوم بچی کے اغوا کے مقدمے میں رتہ امرال پولیس کو مطلوب تھا۔ اس کے علاوہ ملزم راولپنڈی اور لاہور میں بچوں و بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے مقدمات میں بھی ریکارڈ یافتہ تھا، جس کے خلاف بچوں سے زیادتی کے درجنوں غیر رپورٹ شدہ واقعات کی بھی اطلاعات تھیں۔پولیس کے مطابق ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپا مارا گیا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی اور اس دوران ایک گولی محمد اویس سب انسپکٹر کو بھی لگی جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے جب کہ جوابی فائرنگ میں زخمی ہونے والے ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا۔مقابلے کی اطلاع ملنے پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔















































