صدر ٹرمپ کی جانب سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں شاندار عشائیہ — دنیا کی مہنگی ترین سیلفی نے تہلکہ مچا دیاواشنگٹن ڈی سی کے وائٹ ہاؤس میں اس رات کا منظر معمول سے بالکل مختلف تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں ایسٹرن روم میں ایک خصوصی سرکاری عشائیہ منعقد کیا، جس نے سفارتی و سیاسی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی۔
تقریب میں دنیا بھر کی سرکردہ شخصیات موجود تھیں—کاروبار، سیاست، ٹیکنالوجی اور اسپورٹس سے تعلق رکھنے والے بڑے بڑے نام ایک ہی ہال میں جمع تھے۔ مگر اصل شور اُس وقت مچا جب پرتگال کے لیجنڈ فٹبالر اور النصر کلب کے اسٹار، کرسٹیانو رونالڈو نے جیب سے فون نکال کر ایک سیلفی لے ڈالی۔
یہ تصویر چند لمحوں میں ہی سوشل میڈیا پر چھا گئی اور لوگوں نے اسے ’’دنیا کی مہنگی ترین سیلفی‘‘ کا لقب دے دیا، کیونکہ اس فریم میں شامل شخصیات کی مجموعی دولت 700 ارب ڈالرز سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ رونالڈو کے ساتھ ایلون مسک، امریکی وزیرِ تجارت، اور دیگر عالمی شخصیات بھی اسی تصویر میں موجود تھیں، جب کہ پس منظر میں امریکی میرینز کا بینڈ اور وائٹ ہاؤس کی شاندار سجاوٹ خود ایک دلکش منظر پیش کر رہی تھی۔
رونالڈو کی موجودگی پر صدر ٹرمپ نے ہنستے ہوئے کہا کہ “آپ کے آجانے سے میرے بیٹے کی نظر میں میری عزت اور بڑھ گئی ہے”، جس پر ہال میں قہقہے گونج اٹھے۔یہ یادگار سیلفی دیکھتے ہی دیکھتے انٹرنیٹ بھر میں وائرل ہوگئی اور تقریب کا سب سے نمایاں لمحہ بن کر سامنے آئی۔















































