اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گوگل نے اپنا اب تک کا سب سے طاقتور مصنوعی ذہانت کا ماڈل جیمنائی 3 باضابطہ طور پر پیش کر دیا ہے۔یہ جدید اے آئی ماڈل اب جیمنائی ایپ اور گوگل کے اے آئی سرچ انٹرفیس دونوں میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ صرف سات ماہ قبل جیمنائی 2.5 لانچ کیا گیا تھا اور اب اس سے بھی زیادہ جدید، مؤثر اور طاقتور لارج لینگوئج ماڈل متعارف کرایا گیا ہے۔گوگل نے یہ نیا ماڈل ایسے موقع پر لانچ کیا ہے جب چند دن پہلے اوپن اے آئی نے اپنا نیا ورژن GPT-5.1 پیش کیا تھا۔کمپنی کے بیان کے مطابق جیمنائی 3 میں منطقی سوچ، استدلال اور نتائج اخذ کرنے کی صلاحیت کو غیر معمولی حد تک بہتر بنایا گیا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل ایسے باریک فرق اور گہرائی کے ساتھ جواب دیتا ہے جو اس سے قبل کسی اور ماڈل میں دیکھنے میں نہیں آئی۔جیمنائی 3 کے بنیادی ورژن کے ساتھ ساتھ تحقیق کے لیے تیار کردہ خصوصی ماڈل جیمنائی 3 ڈیپ تھنک بھی جاری کیا جا رہا ہے، جو جلد ہی گوگل اے آئی الٹرا کے سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا۔گوگل کے مطابق اس وقت جیمنائی ایپ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 65 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔مزید یہ کہ کمپنی نے جیمنائی پر مبنی ایک نیا پاور کوڈنگ سسٹم گوگل اینٹی گریویٹی بھی متعارف کرایا ہے، جو ملٹی ایجنٹ کوڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں چیٹ جی پی ٹی جیسی پرامپٹ ونڈو کے ساتھ ایک براؤزر ونڈو بھی شامل ہے۔گوگل کا کہنا ہے کہ یہ نیا اے آئی ایجنٹ صارف کے براؤزر اور کوڈ ایڈیٹر کے ساتھ مل کر بہترین ایپلی کیشنز تیار کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔















































