اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ایک نوجوان اسپنر کے انوکھے بولنگ ایکشن نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کو بے حد متاثر کردیا، حتیٰ کہ انہوں نے اس کھلاڑی کو انگلینڈ کی شہریت دینے کی خواہش ظاہر کر دی۔سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو ’لاسٹ مین اسٹینڈز‘ ٹورنامنٹ کے دوران کھیلے گئے ایک میچ کی ہے، جو نلوا واریئرز اور ڈھاکا اسنائپرز کے درمیان منعقد ہوا۔ویڈیو میں نلوا واریئرز کے بولر سپندیپ سنگھ کا بولنگ انداز دیکھنے والوں کو حیران کر دیتا ہے۔
ان کا ایکشن اتنا منفرد اور پیچیدہ ہے کہ بلے باز کے لیے یہ اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے کہ گیند کس سمت میں جائے گی۔جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ہوئی تو سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی اسے اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ سپندیپ سنگھ کو فوراً انگلش پاسپورٹ دیا جانا چاہیے۔شائقینِ کرکٹ نے بھی مائیکل وان کی اس پوسٹ پر دلچسپ تبصرے کیے اور نوجوان بولر کے انداز کو “انوکھا مگر کارگر” قرار دیا۔















































