اسلام آباد(نیوز ڈیسک)نارووال کے علاقے علی آباد میں واقع ایک نجی اسکول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک طالبعلم کی فائرنگ سے تین بچے زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک طالبعلم گھر سے پستول چھپا کر اسکول لے آیا۔ دورانِ شرارت پستول اچانک چل گیا، جس کے نتیجے میں تین طلبا گولیوں کا نشانہ بن گئے۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے بچے کو حراست میں لے لیا اور پستول برآمد کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ہتھیار بچے کے والد کی ملکیت تھا۔
واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دو طلبا اور اسکول پرنسپل کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاکہ غفلت یا تعاون کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔مزید یہ کہ حکام نے بتایا کہ اسکول کے ایک اور طالبعلم کو اس شبے میں تحویل میں لیا گیا ہے کہ وہ گولیاں اسکول لانے میں ملوث تھا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد ذمے داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔















































