منگل‬‮ ، 11 ‬‮نومبر‬‮ 2025 

وزیراعظم نے ہونہار طلبہ وطالبات کیلئے لیپ ٹاپ سکیم 2025کا افتتاح کر دیا

datetime 31  اکتوبر‬‮  2025
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبہ وطالبات کے لئے لیپ ٹاپ سکیم 2025 کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجیز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں، سعودی عرب نے پاکستان کے نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے،سعودی ویژن 2030 اور فیفا ورلڈ کپ کے لیے تربیت یافتہ افرادی قوت سعودی عرب بھجوائیں گے،سعودی عرب کے معاشی پیکیج پر عملدرآمد سے پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔طلبہ وطالبات کے لیے جتنے بھی وسائل خرچ کرنا پڑے کریں گے۔قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم، ہنر اور ان کو عظیم پاکستانی بنانے کے لیے 50 ارب تو کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ میرے لیے یہ خوشی کا دن ہے کہ ایک مرتبہ پھر اللہ تعالی نے مجھے موقع دیا ہیکہ قوم کے انتہائی قابل اور ہونہار بچوں کے سامنے کھڑا ہوں جو والدین اور اساتذہ کرام کی محنت اور دعاں کے نتیجے میں قوم کے عظیم معمار بن رہے ہیں، اپنی طرف سے اور اپنی حکومت کی طرف سے بلکہ پوری قوم کی طرف سے انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے پروگرام میں کچھ تاخیر ہو گئی ہے کیونکہ جب یہ لیپ ٹاپ پاکستان پہنچے توان کے اوپر جو لوگو لگا ہوا تھا وہ کسی حوالے سے ذاتی تشہیر کے مترادف تھا تو میں نے کہا کہ اس کے اوپر لگا لوگو مناسب نہیں ہے، لوگو تبدیل کرنا چاہیئے، ملک کے یہ نوجوان، یہ بیٹیاں لیپ ٹاپ لے کر پاکستان کو عظیم بنائیں گی، یہ میرٹ اور شبانہ روز محنت کا امتحان ہے،پورے ملک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ 2011 سے یہ پروگرام شروع ہوا اگر مجموعی قیمت لگائی جائے تو تقریبا 40، 50 ارب روپے خرچ ہو چکے ہوں گے لیکن قوم کے عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیم، ہنر اور ان کو عظیم پاکستانی بنانے کے لیے 50 ارب کیا 500 ارب بھی خرچ ہو جائیں تو کوئی پرواہ نہیں ۔وزیراعظم نے کہا کہ اب لیپ ٹاپ سے بات بہت آگے چلی گئی ہے آج اے آئی، آئی ٹی، جدید مہارت اورٹیکنالوجییز دنیا میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں،سعودی عرب اے آئی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے اور اس نے اربوں ڈالر کا روڈ میپ اور انفراسٹرکچر بنایا ہے،سعودی عرب نے پاکستان نوجوانوں کو اے آئی اور آئی ٹی میں مفت تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے ایک نیا راستہ کھلا ہے، سعودی عرب اور پاکستان دو عظیم برادر ملک ہیں ،وہ کہتے ہیں کہ ہمارا جو کچھ ہے وہ پاکستان کے کروڑوں بھائیوں اور بہنوں کے لیے ہے ۔ سعودی عرب پاکستان کے لیے سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہے، وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کے لیے معاشی پیکج دینے پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کا ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا ہے۔ مجھے پوری امید ہے جب ہم سب مل کر اس پر عمل پیرا ہوں گیتو زراعت معدنیات،کانکنی اور آئی ٹی سمیت پاکستان کی معیشت ترقی کرے گی۔

سعودی عرب میں 2030 میں ایک بین الاقوامی نمائش ہونے جا رہی ہے وہاں پر 2034 میں فیفا کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے اس کے لیے سعودی عرب کو نہ صرف اربوں ڈالر کی تعمیرات کرنی ہیں بلکہ ان کو ہزاروں لاکھوں انتہائی مہارت کی حامل افرادی قوت کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی پوری کوشش ہوگی اور ایڑی چوٹی کا زور لگا کرہزاروں لاکھوں ہنر مند بچے اور بچیوں کو سعودی عرب بھجوائیں گے اور پاکستان کو عظیم بنائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلبا و طالبات نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیا ہے۔ نوجوان ذاکر اللہ نے بہت خوبصورت اردو اور عربی میں بات کی میں عربی بولنے میں اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہاں پر قوم کے ایک شہید کے بیٹے سٹیج پہ آئے ان کے والد نے قوم کے بچوں اور بچیوں کو یتیم ہونے سے بچانے کیلئے اپنا خون پاکستان کو دیا اور جام شہادت نوش کیا، شہید نے اپنے بیٹے کو یتیم کر دیا لیکن قوم کے لاکھوں کروڑوں بیٹوں اور بیٹیوں کو یتیم ہونے سے بچایا ،یہ جذبہ شہادت ،جرات، محنت امانت اور دیانت کا سفر ہے۔وزیراعظم نے لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور ان کی پوری ٹیم کو سراہا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ان کے پاس ذمہ داری ہے، وہ ملک کی نوجوان نسل کی بہتری، اعلی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے لیے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے ،ان کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو قرضوں سے نجات دلانا ہے، ملکی وسائل کو استعمال کر کے مل کر پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ آج ایک تاریخی دن ہے،وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور وزیراعلی 2010 میں نوجوانوں کی ترقی کے لیے منصوبے شروع کیے،بڑے بڑے چیلنجز آئے ،سیلاب کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا لیکن محمد شہباز شریف نے کہا کہ ایک پیسے کی بھی فنڈز میں کٹوتی نہیں کریں گے، ہمیں فخر ہے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی پالیسی دی ہے، آج پاکستان کے بچوں کا مستقبل وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر محفوظ بنا رہے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں نوجوانوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کوسراہا۔ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ایم فل کرنے والے طالب علم ذاکر اللہ نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپ میرے لیے کافی معاون ثابت ہوا ہے، لیپ ٹاپ سکیم نوجوانوں کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔یہ لیپ ٹاپ صرف ایک مشین نہیں بلکہ زندگی بدلنے والی ڈیوائس ہے۔بلوچستان کے ضلع نصیر آباد سے تعلق رکھنے والے طالب علم کامران خان نے کہا کہ ہم سات بہن بھائی ہیں اور الحمدللہ سب تعلیم حاصل کر رہے ہیں پاکستان سے محبت اور ملک و قوم کی حفاظت ہم سب کا فرض ہے اور یہ سبق میں نے اپنے والد سے سیکھا ہے، میرے والد بلوچستان پولیس میں اے ایس آئی ہیں اور وہ اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے ہمیشہ فرنٹ لائن پر تیار رہتے ہیں، انہیں پولیس یونیفارم میں دیکھ کر بچپن ہی سے یہ ارادہ کر لیا تھا کہ میں بھی سی ایس ایس کر کے اپنے ملک کی خدمت کروں گا اور اپنے ملک کا محافظ بنوں گا، ہمارے گھر کے وسائل محدود تھے لیکن خواب بڑے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں تک وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کا پہنچنا کسی معجزے سے کم نہیں لیکن جذبہ سچا ہو تو اللہ تعالی کی مدد آپ تک پہنچ جاتی ہے، میری 90 فیصد پڑھائی اس لیپ ٹاپ کی مدد سے ہی ہوتی ہے اس کے علاوہ یہ لیپ ٹاپ صرف تعلیمی مقاصد کے لیے ہی نہیں ہے اس نے میرے کریئر میں بھی بہت مدد کی، اس کی مدد سے خود کو مالی طور پر خود مختاربنایا ۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کو سلام پیش کرتا ہوں۔2023 میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی بی بی درجان نے کہا کہ میں نے خواب دیکھا تھا کہ میں ڈاکٹر بنوں ،یہ لیپ ٹاپ میری تعلیم کا حصہ ہی نہیں بلکہ میری دعاں کا جواب بھی ہے۔وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم نے میرے خوابوں کو حقیقت میں بدلا۔نیت صاف ہو اور جذبہ سچا ہو تو منزل دور نہیں رہتی۔وزیراعظم کے ساتھ نشست میرے لیے باعث فخر اور ایک اعزاز ہے۔آج میں بلوچستان اور پاکستان کی بیٹی یہاں کھڑی ہوں۔وزیراعظم نے بلوچستان کی بیٹی درجان کو اپنی نشست پر بٹھا دیا اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اس موقع پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے 2024 میں لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے محمد رفیق آفریدی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک شہید کا بیٹا ہوں، شہید والد کے مشن کو پورا کرنے میں وزیراعظم شہباز شریف نے میرا ساتھ دیا ہے، لیپ ٹاپ سکیم نے تعلیم کے حصول میں سہولت فراہم کی،مجھے لیپ ٹاپ مکمل طور پر میرٹ پہ ملا۔ ائر یونیورسٹی کی طالبہ عرشیہ گل نے کہا کہ یہ انتہائی اہم سکیم ہے ،اسے جاری رہنا چاہیئے۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کی طالبات سمیہ ضیا اور عائشہ ضیا نے بھی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کی تعریف کی اور اسے ہونہار طلبہ و طالبات کے لییتاریخی اقدام قرار دیا۔تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہونہار طلبا و طلبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے۔وزیر اعظم کی ہدایت پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے لیپ ٹاپ لینے والے ہونہار طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور لیپ ٹاپ سکیم کے حوالے سے ڈاکو منٹری بھی دکھائی گئی۔

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



ایکسپریس کے بعد(پہلا حصہ)


یہ سفر 1993ء میں شروع ہوا تھا۔ میں اس زمانے میں…

آئوٹ آف سلیبس

لاہور میں فلموں کے عروج کے زمانے میں ایک سینما…

دنیا کا انوکھا علاج

نارمن کزنز (cousins) کے ساتھ 1964ء میں عجیب واقعہ پیش…

عدیل اکبرکو کیاکرناچاہیے تھا؟

میرا موبائل اکثر ہینگ ہو جاتا ہے‘ یہ چلتے چلتے…

خود کو ری سیٹ کریں

عدیل اکبر اسلام آباد پولیس میں ایس پی تھے‘ 2017ء…

بھکاریوں سے جان چھڑائیں

سینیٹرویسنتے سپین کے تاریخی شہر غرناطہ سے تعلق…

سیریس پاکستان

گائوں کے مولوی صاحب نے کسی چور کو مسجد میں پناہ…

کنفیوز پاکستان

افغانستان میں طالبان حکومت کا مقصد امن تھا‘…

آرتھرپائول

آرتھر پائول امریکن تھا‘ اکائونٹس‘ بجٹ اور آفس…

یونیورسٹی آف نبراسکا

افغان فطرتاً حملے کے ایکسپرٹ ہیں‘ یہ حملہ کریں…

افغانستان

لاہور میں میرے ایک دوست تھے‘ وہ افغانستان سے…