اسلا آباد (نیوز ڈیسک ) بھارت کی مختلف ریاستوں میں کھانسی کا شربت پینے سے 14 کمسن بچوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعات مدھیہ پردیش، راجستھان اور تامل ناڈو میں پیش آئے۔ صرف مدھیہ پردیش میں ہی کھانسی کا سیرپ استعمال کرنے سے 11 بچوں کی موت واقع ہوئی، جبکہ مجموعی طور پر ہلاکتوں کی تعداد 14 تک جا پہنچی ہے۔ اس صورتحال کے بعد بھارت کی کئی ریاستوں میں متعلقہ سیرپ کی فروخت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ شربت میں زہریلے کیمیکل کی خطرناک حد تک زیادہ مقدار موجود تھی۔ اس کے نتیجے میں دواساز کمپنی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ ایک ڈاکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کا تعلق اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔مزید برآں، رپورٹ کے مطابق کمپنی پر ادویات میں ملاوٹ اور ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ کی خلاف ورزی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔