جکارتہ (این این آئی)انڈونیشیا کے شہر سیدوارجو کے الخوزینی اسلامک بورڈنگ سکول کی عمارت گرنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 54 ہوگئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسلامی اسکول کی عمارت گرنے کا واقعہ 29ستمبر کو اس وقت پیش آیا تھا جب سینکڑوں طلباء ظہر کی نماز کی تیاری کر رہے تھے کہ اچانک چھت اور دیواریں گرنے سے 100سے زائد طلبا و اساتذہ ملبے تلے دب گئے۔
ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔اب بھی ملبے تلے کم از کم 13 طلبا اور اساتذہ کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت طلبا کی ہے جن کی عمریں 13سے 17سال کے دوران تھیں۔