اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے ملک بھر میں 38 غیر رجسٹرڈ اور جعلی نرسنگ کالجز کی فہرست جاری کر دی ہے، جو کونسل کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ان کالجز میں وفاقی دارالحکومت کے 5، پنجاب کے 25، سندھ کے 5 اور خیبرپختونخوا کے 2 ادارے شامل ہیں۔
کونسل کی جانب سے والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادارے سے ڈگری حاصل کرنے کی صورت میں اسے تسلیم نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق صدر پاکستان نے نرسنگ کونسل کی تشکیلِ نو سے متعلق آرڈیننس جاری کیا تھا، جس کے باعث کالجز کی رجسٹریشن اور انسپکشن کا عمل متاثر ہوا۔ نرسنگ کونسل حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں 755 رجسٹرڈ ادارے موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود مطلوبہ معیار کے مطابق نرسز تیار نہیں کی جا رہیں اور کوالیفائیڈ اسٹاف کی کمی بدستور برقرار ہے۔
جعلی قرار دیے گئے اداروں کی تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کیپٹل کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ہیلتھ، ایڈورڈ کالج آف نرسنگ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ماڈرن لینگوئجز اینڈ سائنسز، انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور یونیک ٹیکنیکل اینڈ پروفیشنل شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا میں مردان کالج آف نرسنگ اور صوابی کا آربٹ کالج آف نرسنگ اینڈ الائیڈ سائنسز بھی فہرست میں شامل ہیں۔
سندھ میں کراچی کے تین ادارے، امان انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اینڈ نرسنگ، میڈیا ایڈ اسکول آف نرسنگ اور پری انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ ہیلتھ سائنسز شامل ہیں، جب کہ حیدرآباد کالج آف نرسنگ اور خیرپور کا کائنات انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ بھی جعلی قرار پایا ہے۔
پنجاب کے مختلف شہروں کے کئی ادارے بھی اس فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ ان میں اٹک کا مڈکئیر کالج آف نرسنگ، فیصل آباد کے حلال نرسنگ اینڈ مڈوائفری اسکول اور پروفیشنل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ، گوجرانوالہ کا پروفیشنل کالج آف نرسنگ، جھنگ کی پنجاب نرسنگ اکیڈمی اور لاہور کے بوسٹن انٹرنیشنل کالج، محمڈن کالج آف نرسنگ اور قائداعظم انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز شامل ہیں۔
راولپنڈی کے اداروں میں بریلینٹ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سٹی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ای ڈی یو زون ایجوکیشن، فلاح انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز، انسٹی ٹیوٹ آف پروفیشنل اینڈ ٹیکنیکل اسٹڈیز، مرح انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، پرل انسٹی ٹیوٹ، سدوزئی انسٹی ٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور سیویئر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز شامل ہیں۔
ساہیوال میں بیسٹ کالج آف نرسنگ اینڈ مڈوائفری اور پاک انٹرنیشنل کالج آف نرسنگ، سرگودھا میں کنگ عبداللہ کالج آف نرسنگ، جب کہ سیالکوٹ کے اقرا کالج آف نرسنگ اور مدر اینڈ چائلڈ ہوم کالج آف نرسنگ بھی غیر رجسٹرڈ پائے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان میں سے کئی ادارے نرسنگ کونسل کی ہدایات اور وارننگز کو نظر انداز کرتے ہوئے داخلے جاری رکھے ہوئے ہیں، جس پر کونسل نے والدین اور طلبہ کو سختی سے متنبہ کیا ہے۔