اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں بھارت کے خلاف ناکامی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ نتیجہ ان کے لیے ’’کڑوی گولی‘‘ ثابت ہوا ہے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیٹنگ یونٹ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترا۔ “اگر ہم بہتر اختتام کر لیتے تو منظرنامہ بالکل مختلف ہو سکتا تھا۔ سٹرائیک کو مؤثر انداز میں گھمانے میں ناکام رہے اور غیر ضروری وکٹیں گنوا بیٹھے، جس کا نقصان ہمیں اٹھانا پڑا۔
“سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ بالر ز نے شاندار کارکردگی دکھائی اور ایک وقت پر لگ رہا تھا کہ میچ ہمارے قابو میں ہے۔ “جب بھارت کو آخری چھ اوورز میں 63 رنز درکار تھے تو ہمیں یقین تھا کہ ہم جیت سکتے ہیں، لیکن بھارتی بلے بازوں نے میچ پلٹ دیا، اور اس کامیابی کا کریڈٹ انہیں دینا ہوگا۔”انہوں نے تسلیم کیا کہ بیٹنگ لائن اپ سب سے بڑی کمزوری ثابت ہوئی جسے فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔ تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا، “میں اپنے کھلاڑیوں پر فخر کرتا ہوں، ہم نے بھرپور مقابلہ کیا ہے اور آئندہ مزید مضبوط ہو کر میدان میں اتریں گے۔”