اسلام آباد (نیوز ڈیسک) دبئی میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ٹاس کے عمل پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں دونوں حریف ٹیمیں فائنل میں آمنے سامنے ہیں۔میچ میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس جیتنے کے بعد فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے ٹاس کی شفافیت پر اعتراض کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جیسے ہی سکہ زمین پر گرا، میچ ریفری رچی رچرڈسن کے اعلان سے پہلے ہی سوریا کمار یادیو نے فوری طور پر کہہ دیا کہ وہ پہلے فیلڈنگ کریں گے۔یہ منظر سامنے آنے کے بعد ٹاس کے عمل پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ اس کی مزید وضاحت ہونی چاہیے۔