اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی کارکردگی نے مداحوں کو مایوس کر دیا اور سوشل میڈیا پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بھارت کے خلاف ہدف کے دفاع میں حارث رؤف نے 3.4 اوورز کرائے اور 50 رنز دے ڈالے مگر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔ صورتحال اس وقت مزید خراب ہوئی جب بھارت کو آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے اور حارث نے محض 4 گیندوں پر 13 رنز دے دیے، یوں بھارت نویں بار ایشیا کپ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گیا۔میچ کے فوراً بعد پاکستانی صارفین نے سوشل میڈیا پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے فاسٹ بولر کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سینئر اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: “فرق صرف حارث رؤف تھا۔” ایک اور صارف نے اعداد و شمار شیئر کرتے ہوئے کہا کہ حارث نے 13 کی اکانومی ریٹ سے 50 رنز دیے، جب کہ باقی کسی بولر کی اکانومی 7 سے زیادہ نہیں تھی۔کچھ صارفین نے کپتان کی حکمت عملی پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ حارث رؤف کی وجہ سے ٹیم پہلے بھی کئی میچ ہار چکی ہے، اس کے باوجود انہیں فیصلہ کن اوور کیوں دیا گیا؟پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر عون عباس نے اپنے بیان میں لکھا: “زیرو پرفارمنس! جب کھلاڑی کھیل کے بجائے سیاسی ٹرولنگ میں مصروف رہیں تو نتیجہ یہی نکلتا ہے۔ ایک جیتا ہوا میچ حارث رؤف کی ناکام باؤلنگ نے گنوا دیا۔”