اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے ایک اشارے نے بھارتی شائقین کو چرچا کرنے پر مجبور کر دیا ہے، حتیٰ کہ حکمران جماعت بی جے پی نے بھی اس پر ردعمل دے دیا۔میچ کے دوران جب بھارت بیٹنگ کر رہا تھا تو حارث رؤف باؤنڈری پر فیلڈنگ کر رہے تھے۔ اس دوران مبینہ طور پر بھارتی تماشائیوں کے نعروں کے جواب میں انہوں نے ہاتھ کی انگلیوں سے “0-6” کا اشارہ بنایا اور ساتھ ہی ہاتھ سے جہاز کے اڑنے اور گرنے کا اشارہ بھی کیا۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا اور بھارتی صارفین سمیت سابق کرکٹرز نے سخت ردعمل دیا۔ پاکستانی بولر کی جانب سے معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ کی یاد دہانی کرانے پر کئی بھارتی حلقوں نے برہمی کا اظہار کیا، جبکہ بی جے پی کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ سے بھی حارث کی ویڈیو شیئر کر کے طنزیہ تبصرے کیے گئے۔دوسری جانب پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے پنجابی میں ایکس پر پوسٹ کی: “حارث رؤف ٹھیک ٹکر یا۔ کم چک کے رکھ”۔انہوں نے مزید لکھا کہ “کرکٹ میچ آتے جاتے رہتے ہیں لیکن 6-0 کی یاد بھارت کبھی نہیں بھولے گا، یہ دنیا کو بھی ہمیشہ یاد رہے گا”۔یاد رہے کہ مئی میں “معرکہ حق” کے بعد پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا تھا کہ بھارت کے چھ جنگی طیارے مار گرانے کے بعد یہ معرکہ پاکستان کے حق میں “چھ صفر” پر ختم ہوا تھا۔