اسلا م آباد (نیوز ڈیسک) بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی اور چین کے سائنسدانوں نے ہڈیوں کو کمزور کرنے والی بیماری آسٹیوپوروسس (Osteoporosis) کے خاتمے کے لیے ایک نیا طریقہ علاج دریافت کرنے میں پیش رفت کی ہے۔
ماہرین نے اپنی تحقیق کے دوران GPR133 نامی سیل ریسیپٹر کا مطالعہ کیا۔ اس مقصد کے لیے ایسے چوہوں پر تجربات کیے گئے جن میں یہ جین غیر فعال تھی اور ان کی ہڈیاں کافی کمزور ہوچکی تھیں۔تحقیق میں جب اس سیل ریسیپٹر کو کیمیائی طور پر فعال کیا گیا تو نتائج حیران کن نکلے، چوہوں کی ہڈیاں پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوگئیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی نتائج انسانوں پر بھی حاصل ہوئے تو یہ طریقہ علاج نہ صرف ہڈیوں کو ٹوٹنے اور کمزور ہونے سے بچا سکتا ہے بلکہ انہیں مکمل طور پر صحت مند بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔