اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف کے اشارے پر سوشل میڈیا پر ہونے والی بحث کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف کا بھی ردعمل سامنے آگیا۔میچ کے دوران بھارتی بیٹنگ کے وقت حارث رؤف باؤنڈری پر فیلڈنگ کر رہے تھے کہ مبینہ طور پر بھارتی تماشائیوں کے نعروں پر انہوں نے ہاتھوں کی انگلیوں سے “0-6” کا اشارہ بنایا اور جہاز اڑنے اور گرنے کا اشارہ بھی کیا۔
یہ منظر دیکھتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا اور بھارتی صارفین نے شدید ردعمل دیا۔اسی معاملے پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایکس پر پنجابی زبان میں لکھا: “حارث رؤف ٹھیک ٹکر یا، کم چک کے رکھ”۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کے میچ تو ہوتے رہتے ہیں مگر “6-0” ایسا اسکور ہے جسے نہ بھارت بھول پائے گا اور نہ ہی دنیا اسے فراموش کرے گی۔یاد رہے کہ مئی میں معرکۂ حق کے دوران پاکستان ایئر فورس نے بھارت کے چھ طیارے مار گرائے تھے، جس کے بعد ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا تھا کہ یہ مقابلہ بھارت کے خلاف 6-0 کی فتح ثابت ہوا۔