اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی فاسٹ بولر حارث رؤف کا ایک منفرد اشارہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔میچ کے دوران جب بھارتی بیٹنگ جاری تھی اور حارث رؤف باؤنڈری پر فیلڈنگ کر رہے تھے تو انہوں نے مبینہ طور پر بھارتی شائقین کے نعروں کے جواب میں ہاتھوں کی انگلیوں سے 0-6 کا نشان بنایا اور ہاتھ سے طیارہ اڑنے اور گِرنے کی نقل کی۔
حارث کے اس اشارے پر بھارتی مداحوں نے شدید ردِعمل ظاہر کیا، جبکہ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے اسے معرکۂ حق کی یاد دہانی قرار دیا، جب پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے طیاروں کو نشانہ بنایا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ مئی میں پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بھارتی طیارے مار گرائے جانے کے بعد بیان دیا تھا کہ فضائی محاذ پر پاکستان نے بھارت کو چھ-صفر سے شکست دی۔















































