اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپر فور مرحلے کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دے دیا۔بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پاکستان نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی پہلی وکٹ فخر زمان کی صورت میں گری جو 15 رنز بنا کر 21 کے مجموعی اسکور پر ہاردک پانڈیا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور شائقین کرکٹ نے امپائرنگ کو متنازع قرار دیا۔
اس کے بعد صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے عمدہ شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 93 تک پہنچا دیا۔ تاہم صائم ایوب 21 رنز بنانے کے بعد دوبے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسین طلعت تھے، جو 10 رنز بنا کر 110 کے مجموعی اسکور پر کلدیپ یادیو کی گیند پر پویلین لوٹے۔ ان کے بعد 115 کے اسکور پر صاحبزادہ فرحان بھی 58 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر دوبے کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔صاحبزادہ فرحان نے 45 گیندوں پر 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ٹیم کے لیے اہم 58 رنز بنائے۔















































