اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کا دوسرا مقابلہ کل دبئی میں ہوگا، تاہم میچ سے پہلے بھارتی ٹیم کو ایک دھچکا لگ سکتا ہے کیونکہ ان کے اہم آل راؤنڈر اکشر پٹیل کی شمولیت غیر یقینی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشر پٹیل عمان کے خلاف کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہوگئے تھے، جس کے بعد اتوار کے روز پاک بھارت ٹاکرے میں ان کی دستیابی مشکوک ہوگئی ہے۔
بھارت کے فیلڈنگ کوچ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اکشر اب بہتر محسوس کر رہے ہیں، مگر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ پاکستان کے خلاف کھیل سکیں گے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں حتمی فیصلہ میچ سے قریب وقت پر کیا جائے گا۔یہ بھی واضح رہے کہ اگر اکشر پٹیل ٹیم میں شامل نہ ہو سکے تو بھارتی اسکواڈ کے کمبینیشن پر اثر پڑے گا۔ دبئی کی پچز پر بھارت اکثر تین اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترتا رہا ہے، اور اکشر کی غیر موجودگی میں حکمت عملی میں تبدیلی کرنا پڑ سکتی ہے۔