اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)ایشیا کپ میں میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ سے جڑا تنازع مزید سنگین صورتحال اختیار کر گیا ہے اور پاکستان کے دوٹوک مؤقف نے آئی سی سی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک بار پھر آئی سی سی کو خط لکھ کر میچ ریفری کی تبدیلی کا مطالبہ دہرا دیا ہے۔ اس خط میں پی سی بی نے آئی سی سی کے پچھلے جواب کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اینڈی پائیکرافٹ کی نگرانی میں ہونے والے کسی بھی میچ میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا۔
اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پائیکرافٹ پر کی گئی انکوائری محض رسمی کارروائی تھی جس میں نہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور نہ ہی متعلقہ افراد سے مشاورت کی گئی۔ پی سی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان صرف اسی صورت کھیلنے پر آمادہ ہوگا جب اس کے تمام تحفظات دور کیے جائیں اور میچ ریفری کی تبدیلی کا باضابطہ اعلان سامنے آئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سخت اور دوٹوک مؤقف کے بعد آئی سی سی کو ریفری کے معاملے پر بڑے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں اور امکان ہے کہ جلد اس بارے میں باضابطہ اعلان سامنے آئے۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں آئی سی سی کے پاس پاکستانی میچز سے متنازع ریفری کو ہٹانے کے سوا کوئی دوسرا آپشن باقی نہیں بچا۔