اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے اہم میچ میں بھارتی اسپنر کولدیپ یادیو شاندار کارکردگی دکھا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کولدیپ یادیو نے کہا کہ انہوں نے کوشش کی کہ سادہ حکمتِ عملی پر قائم رہیں اور وہی پلان اپنایا جو پہلے سے ذہن میں تھا۔
ان کے مطابق وہ پاکستانی بلے بازوں کے ردعمل کو دیکھ کر گیند بازی کر رہے تھے۔کولدیپ کا کہنا تھا کہ پہلی گیند ہمیشہ وکٹ لینے کے ارادے سے ڈالنی چاہیے کیونکہ نئے آنے والے بیٹر پر دباؤ ڈالنے کا یہ بہترین موقع ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود کو دنیا کا نمبر ون بولر نہیں سمجھتے اور ابھی بھی اپنی بولنگ میں بہتری کے لیے محنت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اکثر اوقات وہ غیر ضروری ویری ایشنز آزما لیتے ہیں، جس سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ کولدیپ یادیو نے پاکستان کے خلاف صرف 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔