کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے گلستان جوہر بھٹائی آباد میں تین خواتین کو قتل اور تین کو زخمی کرنے کے کیس میں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا، وہ کوئی اور نہیں بلکہ خواتین کا اپنا ہی ماموں نکلا۔یہ افسوسناک واقعہ بھٹائی آباد کی گلی نمبر 30 میں پیش آیا جہاں ماموں نے اپنی بھانجیوں عاشی ، تانیہ اور مینہ کو چھریوں کے وار کرتے ہوئے قتل کر دیا جس کے بعد خود کو بھی مارنے کی کوشش کی، ملزم اجے کو بھی زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا جسے پولیس نے ہسپتال سے ہی گرفتار کر لیا ۔
ہسپتال میں مرنے والے خواتین کا پوسٹ مارٹم مکمل کر لیا گیاہے ، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ نے بتایا کہ بائیس برس کی عاشی کے گردن پر گہرے کٹ کے ہوئے زخم پائے گئے، عاشی کو زخمی حالت میں لایا گیا تھا جو اسپتال پہنچنے پر دم توڑ گئی، 32برس کی مینہ کے گلے پر متعدد گہرے کٹ کے زخم اور بائیں ہاتھ پر بھی کٹ لگنے کے زخم تھے،چودہ برس کی نندنی کامعائنہ بھی کر لیا گیا ہے۔ نندنی کے گردن اور دائیں ہاتھ پر گہرا کٹ لگا ہوا ہے ،نندنی کی حالت تشویشناک ہے۔قتل ہونے والی تین خواتین کی والدہ نے بتایا کہ مجھے نہیں معلوم یہ واردات کیسے ہوئی، شور سن کر گھر پہنچنے والی پڑوسن کو بھی اجے نے زخمی کیا ۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن النجار نے واقعہ کا نوٹس لے لیاہے جبکہ پولیس نے مزید تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں۔