لزبن (این این آئی)پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور عالمی ریکارڈ برابر کر دیا۔ گزشتہ روز پرتگال نے ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں ہنگری کے خلاف 2 کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کی۔ہنگری کے خلاف میچ میں رونالڈو نے بھی شاندار گول کیا جس کے بعد وہ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں سب سے زیادہ 39 گول کرنے والے گوئٹے مالا کے کارلوز روئز کے برابر پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ 40 سالہ رونالڈو کے انٹرنیشنل گولز کی تعداد بھی 141 ہو گئی ہے جو پرتگال کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ گول ہیں۔اس سے قبل گزشتہ ماہ رونالڈو نے تاریخی سنگ میل عبور کیا تھا۔رونالڈو نے سعودی سپرکپ کے فائنل میچ میں النصر کی جانب سے الاہلی کے خلاف گول کیا۔ رونالڈو کا یہ النصرکلب کے لیے 100واں گول تھا۔ اس طرح رونالڈو 4 مختلف کلبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے 100 یا زائد گول کرنے والے پہلے فٹبالربنے۔