کراچی(این این آئی)پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی پہلی شادی صرف ایک ہزار روپے میں ہونے کا انکشاف کیا ہے۔دوران انٹرویوشادی میں نمودونمائش کے بجائے سادگی کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے بتایا کہ میری پہلی شادی بغیر زیور اور کسی بڑی تقریب کے انتہائی سادگی سے ایک ہزار روپے میں کی گئی تھی ۔بشریٰ انصاری نے بتایاکہ شادی کے وقت 1978میں میرے پہلے شوہر اقبالانصاری سرکاری ملازم تھے، ان کی تنخواہ 1200روپے ماہانہ تھی، انصاری صاحب شادی پر اپنی گاڑی فروخت کرکے زیورات بنانے کے خواہش مند تھے ،لیکن میرے والد نے انہیں منع کردیا ، جب شو ہر نے قرضہ لے کر ولیمہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تو والد نے اس سے بھی انکار کردیا ۔
اداکارہ نے بتایا کہ اس طرح میری پہلی شادی ایک سوٹ، ایک پرس میں صرف ایک ہزار روپے میں انجام پائی ، میرے والدین نے مجھے جہیز دیا ،لیکن شوہر پر بوجھ نہیں پڑا اور نہ ہی ہم شادی کے بعد قرضوں میں گھرے ۔اداکارہ نے نوجوان نسل پر واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہاں آج کل اکثر لوگوں کا مقصد ہی یہی ہوتا ہے کہ انہوں نے بڑے ہوکر شادی کرنی ہے لیکن میں یہی کہوں گی شادی سادگی سے ہی کرنی چاہیے۔