اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں طوفانی بارش کے بعد آنے والے سیلابی ریلے میں ایک گاڑی بہہ گئی۔ گاڑی میں موجود ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اور ان کی 25 سالہ بیٹی لاپتہ ہو گئے جن کی تلاش کے لیے ریسکیو اداروں نے کئی گھنٹے جاری رہنے والا آپریشن رات گئے اندھیرے اور تیز بہاؤ کے باعث عارضی طور پر روک دیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق سرچ آپریشن میں ریسکیو 1122، نیوی کے غوطہ خوروں اور اسلام آباد و راولپنڈی پولیس نے حصہ لیا۔ تلاش کے دوران ایک اور نوجوان، حامد شاہ، کی لاش دریا سواں سے نکال لی گئی، جو علاقے ہمک میں ڈوب گیا تھا۔حادثہ علی الصبح ڈی ایچ اے اسلام آباد کے فیز 5 کے سیکٹر اے کی گلی نمبر 72 میں پیش آیا۔ کرنل (ر) اسحاق قاضی روزانہ اپنی بیٹی کو سوسائٹی کے داخلی دروازے تک چھوڑنے کے لیے گھر سے نکلتے تھے۔ واقعے کے روز بھی وہ بیٹی کے ساتھ سرمئی رنگ کی کار میں روانہ ہوئے، لیکن شدید بارش کے باعث گاڑی بند ہو گئی۔ جب انہوں نے گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی تو اچانک تیز پانی کا ریلا آ گیا، جو دونوں کو گاڑی سمیت بہا لے گیا۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں باپ بیٹی پانی میں مدد کے لیے پکار رہے تھے، لیکن لمحوں میں گاڑی نالے کی طرف بہہ گئی اور نظروں سے اوجھل ہو گئی۔
بعد ازاں کار کا بمپر ملا، لیکن اب تک گاڑی یا ان دونوں کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ کرنل (ر) اسحاق کی گاڑی میں ٹریکر نصب نہیں تھا جبکہ ان کے موبائل فون کی آخری لوکیشن رات 8 بج کر 15 منٹ پر ریکارڈ ہوئی تھی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تلاش کا عمل دوبارہ روشنی میں شروع کیا جائے گا اور اب بھی تمام ادارے بشمول سوسائٹی کا عملہ، پولیس اور غوطہ خور ٹیمیں مشترکہ طور پر لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔دوسری جانب، کھنہ کی کرسچن کالونی میں بھی ایک بچی برساتی نالے میں گر گئی جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔واضح رہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں حالیہ شدید بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آ چکے ہیں۔ راولپنڈی کی ایک اور نجی ہاؤسنگ سوسائٹی، فیز 8، میں بھی پانی گھس آیا جبکہ قریبی دیہات کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔