اسلام آباد (نیوز ڈیسک)معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے حالیہ تنازع اور قانونی مشکلات کے بعد پاکستان کو خیرباد کہہ دیا ہے اور وقتی طور پر وی لاگنگ سے دوری اختیار کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق، رجب بٹ پر یہ الزام عائد کیا گیا ہے کہ اُن کے کچھ ویڈیوز میں اسلامی شخصیات کے بارے میں مبینہ طور پر نازیبا کلمات استعمال کیے گئے، جس پر لاہور ہائی کورٹ میں ان کے خلاف درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔اگرچہ رجب بٹ نے اپنی موجودہ قیام گاہ کا براہ راست انکشاف نہیں کیا، لیکن ایک حالیہ ٹک ٹاک لائیو سیشن کے دوران دبئی اور پاکستان کے وقت کا تقابلی حوالہ دے کر یہ تاثر دیا کہ وہ بیرونِ ملک موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ وی لاگنگ سے وقتی طور پر رُک گئے ہیں، تاہم ٹک ٹاک پر لائیو سیشنز جاری رکھیں گے۔رجب بٹ نے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا کہ وہ اب اپنی والدہ کی رضامندی کے بغیر کوئی نیا وی لاگ اپ لوڈ نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق، اُن کی والدہ موجودہ صورتِ حال سے بے حد پریشان ہیں اور اُنہوں نے اپنے بیٹے کی خیریت کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں خود ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ وی لاگنگ کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا گیا، البتہ وہ موجودہ تنازع ختم ہونے اور حالات بہتر ہونے کے بعد دوبارہ سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔ رجب بٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے کچھ وضاحتی ویڈیوز بھی ریکارڈ کر لی ہیں، جو وہ مناسب وقت پر منظرِ عام پر لائیں گے۔