پٹنہ(این این آئی)بھارتی ریاست بہار کے ایک گائوں میں توہم پرستی کی انتہا ہو گئی، ایک خاندان کے 5 افراد کو جادو ٹونا کرنے کے الزام میں بہیمانہ تشدد کے بعد قتل کر کے ان کی لاشیں تالاب میں پھینک دی گئیں۔بھارتی پولیس کے مطابق واقعہ ایک لڑکے کی موت کے بعد پیش آیا، جس کا الزام مقتول خاندان پر لگایا گیا کہ وہ کالے جادو کے ذریعے لڑکے کی ہلاکت کے ذمہ دار ہیں۔
پولیس بیان کے مطابق تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جنہوں نے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ مقتولین میں تین خواتین شامل تھیں، جن میں ایک 75 سالہ بزرگ خاتون بھی شامل ہے۔پولیس نے بتایا ملزمان نے متاثرین کو بہیمانہ انداز میں تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا گیا، پھر ان کی لاشیں ٹریکٹر میں لاد کر قریبی تالاب میں پھینک دیں۔قتل کے واقعے میں ملوث افراد اور مقتولین کا تعلق اوراں قبیلے سے ہے، جو بہار کی ایک پسماندہ آبادی کا حصہ ہیں۔بہار بھارت کی سب سے غریب ریاست سمجھی جاتی ہے، جہاں آبادی کی اکثریت ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہے۔