اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے سائٹ اے ایریا میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں پولیس اور رینجرز کے درمیان جھگڑے نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جس کے دوران دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ واقعے میں پولیس اہلکار وسیم اختر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ رینجرز اہلکار نعمان زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایس پی کیماڑی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے واضح ہوا ہے کہ دونوں اہلکاروں کے درمیان کسی بات پر تنازع ہوا، جو بات چیت سے بڑھ کر مسلح تصادم میں بدل گیا۔ جائے وقوعہ سے دو نائن ایم ایم ہتھیار برآمد کر لیے گئے ہیں، جنہیں فارنزک جانچ کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔رینجرز اہلکار نعمان، جو 34 ونگ میں تعینات ہیں، شدید زخمی ہیں اور اسپتال میں بے ہوشی کی حالت میں زیر علاج ہیں، جبکہ مقتول پولیس اہلکار وسیم اختر کا تعلق تھانہ گلشن معمار سے تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور جیسے ہی زخمی رینجرز اہلکار ہوش میں آئیں گے، ان کا بیان ریکارڈ کرکے مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔