ڈی آئی خان (این این آئی)تحصیل پہاڑپور میں چشمہ روڈ پر کڑی خیسور سپر نمبر5کے قریب جی ایل آئی کار اور ہینو ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں خاتون اور اس کے 2بھائیوں سمیت 5افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو1122کی 2ایمبولنسز اور ایک ریکوری وہیکل کے ذریعے جاں بحق افراد کی نعشوں کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل پہاڑپور میں چشمہ روڈ پر کڑی خیسور سپر نمبر5کے قریب پنجاب جانے ہینو ٹرک اور ڈیرہ اسماعیل خان آنے والی جی ایل آئی کار آپس میں ٹکرا گئیں ، تصادم اتنا شدید تھا کہ کار موقع پر ہی تباہ ہو گئی ، جبکہ کار میں سوار رودہ منیر دختر منیر خان اس کا بھائی محمد معتصم اور محمد طلحہ سکنائے ظفر آباد کالونی ڈیرہ ، ان کا رشتہ دار مزمل سکنہ بنوں اور ڈرائیور وسیم ولد قیوم موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ان کی نعشیں کار میں پھنس گئیں ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122انجینئر فصیح اللہ کی نگرانی میں ریسکیو1122نے فوری رسپانس کرتے ہوئے دو ایمبولینسز اور ایک ریکوری وہیکل کے ذریعے امدادی کارروائی شروع کی ، اور رنعشوں گاڑی سے نکال کر پہاڑ پور ہسپتال منتقل کردیا گیا۔