اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی کے ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی میت وصول کرنے کے لیے ان کے بھائی، بہنوئی اور دیگر قریبی رشتہ دار شہر پہنچ گئے ہیں۔
ورثا نے ایس ایس پی ساؤتھ کے دفتر میں میت کی حوالگی کے لیے درکار قانونی کارروائی مکمل کروانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ حمیرا کے لواحقین ان کی لاش کو لاہور لے جانا چاہتے ہیں، اور انہوں نے اب تک کسی قسم کے شبہ یا اعتراض کا اظہار نہیں کیا۔
ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اداکارہ سے ان کے اہلِ خانہ کا رابطہ اکتوبر 2024 کے بعد ختم ہوگیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ حمیرا خود ہی اپنی فیملی سے وقتاً فوقتاً رابطہ کرتی تھیں، فیملی جانب سے مسلسل تعلق قائم نہیں رکھا گیا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جس عمارت میں اداکارہ مقیم تھیں، اس کی ہر منزل پر دو فلیٹس موجود ہیں۔ پڑوس کے فلیٹ میں رہائش پذیر افراد فروری 2025 میں بیرونِ ملک سے وطن واپس لوٹے تھے۔
پولیس کے مطابق لاش کی حوالگی کے بعد میت کو لاہور منتقل کیا جائے گا، جہاں حمیرا اصغر کی تدفین عمل میں لائی جائے گی۔