کراچی(این این آئی)نوبیاہتا دلہن کو درندہ صفت شوہر نے نشے میں دھت ہو کر درندگی کا نشانہ بنایا، تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔واقعہ 17 جون کو پیش آیا، 20برس کی خاتون سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے آئی سی یو3 میں داخل ہے، پولیس نے شوہر اشوک کو گرفتار کرلیا۔ڈاکٹرز کے مطابق 20سالہ شانتی کے پورے جسم کو دانتوں سے بھنبھوڑا گیا ہے، اندرونی اعضا بری طرح متاثر ہوئے ہیں، زخم بڑی آنت تک آئے ہیں، شانتی کی حالت اس وقت تشویشناک ہے، اور وہ اس وقت وینٹیلیٹر پر ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ شانتی 21 روز سے تشویشناک حالت میں اسپتال میں میں زیر علاج ہے، متاثرہ دلہن کو ٹراما سینٹر سے قبل لیاری جنرل، پھر نجی اسپتال اور اسکے بعد چند روز قبل ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ نے بتایاکہ شانتی کی حالت تشویشناک ہے،اسکی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔متاثرہ دلہن کی والدہ نے بتایا کہ شانتی کی شادی 15 جون کو اشوک سے ہوئی، 17 جون کو اشوک نے شانتی کو شدید زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا، حالت تشویشناک ہونے پر اسپتال لے کر پہنچے۔
والدہ سونا کے مطابق شانتی کی حالت خراب ہونے پر تیسری بار اسپتال بدلنا پڑا، پہلے لیاری اسپتال پھر نجی اسپتال اور اب ٹراما سینٹرلائی ہوں، شانتی کا بہت خون بہہ چکا تھا، زخموں میں روئی بھری ہوئی تھی،انھوں نے حکام سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میری بیٹی کو نشے میں دھت ہو کر درندگی کا نشانہ بنایا گیا، میری بیٹی اگر مرگئی تو میرے داماد کو بھی زندہ رہنے کا حق نہیں۔