ایبٹ آباد (این این آئی)خیبرپختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد میں گھر کے مالک کے مبینہ تشدد سے 14 سالہ گھریلو ملازمہ اقرا جاں بحق ہو گئی۔پولیس نے بتایا کہ مبینہ طور پر اقرا کو زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والے ملزم حارث لطیف کو گرفتار کر لیا گیا، جاں بحق ہونے والی کم عمر لڑکی گزشتہ ایک برس سے ملزم کے گھر پر ملازمت کر رہی تھی۔مبینہ تشدد اور زیادتی کا شکار ہو کر قتل ہونے والی لڑکی کے پوسٹ مارٹم کی رپورٹ بھی آگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملزم حارث لطیف 14 سالہ اقرا کو کافی عرصے زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا، جبکہ رپورٹ میں لڑکی پر تشدد کی بھی تصدیق ہوئی ہے، ڈی ایم ایس ڈاکٹر راحیل کے مطابق مقتولہ اقرا کو اکثر بھوکا پیاسا رکھا جاتا تھا۔پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا والد ہوٹل پر معمولی ملازمت کرتا ہے۔ جسے پولیس کے زریعے ہی اس کی بیٹی کے انتقال کی خبر دی گئی۔ڈی ایس پی سراج خان کے مطابق گرفتار ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔