اسلام آباد(نیوز ڈیسک) لاہور کے علاقے شاہ دی کھوئی، جوہر ٹاؤن میں واقع ایک فارم ہاؤس میں رکھے گئے شیر نے اچانک ایک خاندان پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ فارم ہاؤس میں موجود شیر کا پنجرہ کھلا رہ گیا تھا، جس کے باعث وہ باہر نکل کر حملہ آور ہوا۔واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شیر کے مالک کو گرفتار کر لیا، جس نے بغیر کسی قانونی اجازت کے جنگلی جانور پال رکھا تھا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر محکمہ وائلڈ لائف کو فوری طور پر طلب کیا گیا، جس نے شیر کو قابو میں لے کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ڈی آئی جی نے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب محکمہ وائلڈ لائف کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ شیر کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں بغیر اجازت جنگلی جانور پالنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی، اور ایسے تمام کیسز پر قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔