کوئٹہ (این این آئی) وزیرِاعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے زیارت کے علاقے میں ڈیم میں ڈوبنے والی 2 خواتین کو زندہ نکالنے والے نوجوان کیلئے پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس میں نوکری کے علاوہ تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقد انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے زیارت کے علاقے زڑگئی ڈیم میں ڈوبنے والی 3 میں سے 2 خواتین کو زندہ نکالنے والے نوجوان شمائل خان کے حوالے سے کہا ہے کہ اس جیسے بہادر لوگ ناصرف بلوچستان اور پاکستان بلکہ انسانیت کا فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شمائل خان جیسے لوگ بلوچستان کا حقیقی چہرہ ہیں، شمائل خان نے بغیر لالچ کے زندگی پر کھیل کر 2 انسانوں کی جان بچائی۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان، آدھا پاکستان ہے اور یہاں ریسکیو ٹیموں کو متعلقہ جگہوں پر پہنچنے میں کافی وقت لگتا ہے، ایسے میں سول سوسائٹی سے شمائل جیسے لوگ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز شمائل خان نے زیارت میں واقع زڑگئی ڈیم میں ڈوبنے والی 3 میں سے 2 خواتین کو زندہ نکال لیا تھا تاہم ایک خاتون ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی تھی۔