اسلام آباد (نیوز یسک)امریکہ کے شہر شکاگو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے دیر اپر کے رہائشی نوجوان ساجد زیب خان سے شادی کے لیے پاکستان کا رخ کر لیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی شہری خاتون، جس کا نام مینڈی بتایا گیا ہے، ساجد زیب کی دعوت پر پاکستان پہنچی ہیں۔ ساجد نے پولیس کو یقین دلایا ہے کہ اُسے سیکیورٹی کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ دونوں جلد رشتۂ ازدواج میں بندھنے والے ہیں۔ساجد زیب کے مطابق، اس کی مینڈی سے پہلی ملاقات دو سال قبل فیس بک پر ہوئی، جس کے بعد دونوں میں بات چیت کا سلسلہ چلتا رہا۔ ساجد کے مطابق، مینڈی نے اسے شادی کی پیشکش کی تھی جسے اُس نے قبول کیا اور بعد ازاں دونوں نے اپنے اپنے خاندانوں کو اعتماد میں لے لیا۔
ساجد نے بتایا کہ اس نے اتوار کے روز مینڈی کا اسلام آباد ایئرپورٹ پر پھولوں کے گلدستے سے استقبال کیا۔ بعد ازاں، مینڈی کو لے کر وہ اپنے آبائی علاقے عشیرئی درہ، صدیقہ بانڈہ پہنچا، جہاں مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا اور مہمان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔مینڈی کا تعلق شکاگو سے ہے اور وہ پیشے کے لحاظ سے ائیرہوسٹس ہے۔ ساجد کا کہنا ہے کہ دونوں کل اسلامی طریقے اور مقامی رسم و رواج کے مطابق نکاح کریں گے۔مینڈی نے ایک ویڈیو پیغام میں ساجد کے ہمراہ بیٹھ کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور یہاں آ کر اسے اندازہ ہوا کہ پاکستان نہایت خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔