اسلام آباد(نیوزڈیسک) حکومت نے سٹیل ملز سے چھٹکارا پانے کی تیاریاں کرلیں، سرکار اور چینی وفد میں اہم بیٹھک لگی، چین نے پاکستان کو اسٹیل ملز کی خریداری کی پیشکش کردی۔اسٹیل ملز کے مردہ جسم میں روح پھونکنے کیلئے چین میدان میں آگیا، ہمسایہ ملک کے وفد کی وزیر صنعت و پیداوار سے ملاقات ہوگئی، اسٹیل ملز کی خریداری کی بھی بات چھیڑ دی۔چائنہ میٹلرجیکل گروپ کارپوریشن سمیت چین کے اعلی سطح کے وفد کی اسلام آباد میں وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضی خان جتوئی سے ملاقات کی۔وفد نے پاکستان اسٹیل ملز خریدنے میں دلچسپی اور اسٹیل کی پیداوار بتدریج 50 لاکھ ٹن تک لے جانے کا عزم ظاہر کر دیا، چینی وفد پاکستان اسٹیل ملز کا دورہ بھی کرچکا ہے۔ایم سی سی گروپ پاکستان اسٹیل ملز کی پیداوار میں اضافے کیلئے ملازمین کی استعداد کار بڑھانے کا بھی خواہشمند ہے۔حکومت پاکستان نے چینی گروپ کو پاکستان اسٹیل ملز میں کوئلے پر چلنے والا بجلی گھر لگانے کی بھی پیشکش کردی ہے۔