کراچی(این این آئی)گوگل کروم اور موزیلا فائرفاکس کے ذریعے ہیکنگ کے خدشے کے پیش نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایڈوائزری جاری کردی۔پاکستان کی نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے گوگل کروم اور موزیلا فائرفاکس برازرز کے ذریعے ممکنہ ہیکنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز انٹرنیٹ برازرز میں موجود سیکیورٹی خامیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صارفین کے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
ان میں اسٹور کی گئی معلومات، لاگ ان تفصیلات اور دیگر اہم ڈیٹا شامل ہوسکتا ہے جو ہیکرز کے نشانے پر ہے۔سائبر سیکیورٹی ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ یہ خطرہ صرف ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز تک محدود نہیں بلکہ موبائل ڈیوائسز پر بھی اثر انداز ہوسکتا ہے جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ہیکنگ سے بچا کے لیے متعدد سفارشات بھی پیش کی ہیں۔ایڈوائزری میں صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر گوگل کروم اور موزیلا فائرفاکس کے تازہ ترین (جدید)ورژنز انسٹال کریں تاکہ سیکیورٹی پیچز کے ذریعے ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔مزید برآں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ اور مشکوک ویب سائٹس تک رسائی محدود کریں اور انٹرنیٹ براز کرتے وقت انتہائی احتیاط برتیں۔