اسلام آباد (نیوذ ڈیسک )قطر حکومت نے رواں برس عید الاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کے لیے پانچ دن کی سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا ہے، جو ذوالحجہ کی 9 تاریخ سے شروع ہوں گی اور 13 ذوالحجہ تک جاری رہیں گی۔یہ تعطیلات اسلامی مہینے ذوالحجہ کے مقدس ایام کے موقع پر دی جا رہی ہیں، جن کا آغاز یومِ عرفہ سے ہوتا ہے۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کے مطابق یومِ عرفہ جمعرات 5 جون 2025 کو آنے کی توقع ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی۔تاہم، عید کی تاریخ کا حتمی اعلان چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا، جو 27 مئی کو متوقع ہے۔
اگر چاند اس تاریخ کو نظر آ جاتا ہے تو ذوالحجہ کا آغاز 28 مئی سے ہوگا، بصورت دیگر مہینہ 29 مئی سے شروع کیا جائے گا۔اسی طرح متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں بھی عید الاضحیٰ کے موقع پر مجموعی طور پر چار روزہ تعطیلات متوقع ہیں۔ ان میں یومِ عرفہ کی ایک چھٹی اور عید کے تین دن شامل ہوں گے، جو کہ جمعہ 6 جون سے اتوار 8 جون 2025 تک جاری رہیں گی۔تاہم دونوں خلیجی ممالک میں تعطیلات کا حتمی شیڈول چاند نظر آنے پر ہی طے ہوگا۔