لاہور(این این آئی)پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے جہاں درجہ حرارت روز بروز خطرناک حد تک بڑھتا جا رہا ہے،سورج کی تپش نے بڑے شہروں سمیت بیشتر علاقوں میں عوام کو بے حال کردیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور دیگر میدانی علاقے اس وقت شدید موسمی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔
سورج آگ برسا رہا ہے اور گرمی کے اثرات معمول سے کہیں زیادہ محسوس کیے جا رہے ہیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے شہریوں کو ہیٹ ویو کے خطرات سے خبردار کر دیا ہے۔ ادارے کے ترجمان کے مطابق 19 مئی تک درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا خدشہ ہے۔ماہرین کی جانب سے پیش گوئی کی گئی ہے کہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت کی کم سے کم سطح 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ 44 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز موسم میں کسی بہتری کی توقع نہیں۔
گرمی کی شدت برقرار رہے گی اور بارش کا کوئی امکان نہیں، جس سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔موسمیات اور طبی ماہرین نے عوام کو سخت احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ دھوپ میں نکلنے سے گریز، سر کو کپڑے یا ٹوپی سے ڈھانپنے، پانی اور مشروبات کے استعمال میں اضافہ اور دن کے گرم ترین اوقات میں غیر ضروری سرگرمیوں سے پرہیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی یہ لہر نہ صرف جسمانی تکلیف کا سبب بن سکتی ہے بلکہ شدید صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کے لیے احتیاط ناگزیر ہے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہیٹ ویو الرٹس پر نظر رکھیں اور پی ڈی ایم اے و محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔