لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ نجی ٹی وی “جیو نیوز” کے مطابق، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ڈائریکٹر جنرل نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خبردار کرتے ہوئے تمام اضلاع میں تیاری مکمل رکھنے کی تاکید کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 15 مئی سے 19 مئی کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں اور بڑے شہروں میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بڑھنے کا خدشہ ہے، جس سے ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے اندازے کے مطابق، درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ گرمی کی اس شدت کے بعد 19 مئی کی شام مغربی ہواؤں کا ایک سسٹم پنجاب میں داخل ہونے کی توقع ہے، جس کے نتیجے میں 19 اور 20 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔
انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے عوام کو آگاہی فراہم کی جائے اور ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔