اسلام آباد (نیوز ڈیسک):پاکستانی قوم نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنے وطن کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہے، چاہے میدان جنگ ہو یا روزمرہ زندگی کا کوئی لمحہ۔ عوام میں وہی عزم اور قربانی کا جذبہ پایا جاتا ہے جو ہماری افواج کا خاصہ ہے۔ یہ جذبہ اس وقت مزید نمایاں ہو گیا جب لاہور کے علاقے بارکی میں ایک عام شہری نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوجی جوان کے ساتھ مل کر بھارتی ڈرون کو نشانہ بنا کر گرا دیا۔
حالیہ دنوں میں بھارت کی طرف سے ڈرون کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ تاہم، پاکستان نے مختلف مقامات پر ان ڈرونز کو بروقت کارروائی کر کے تباہ کیا، اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ “آپریشن بنیان المرصوص” کے تحت کی گئی ان کارروائیوں نے بھارتی پروپیگنڈے کو بھی مؤثر جواب دیا ہے۔
بارکی کا واقعہ اس جذبے کی ایک جیتی جاگتی مثال بن چکا ہے، جہاں ایک عام پاکستانی شہری نے غیر معمولی جرأت اور ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے ڈرون کو زمین بوس کر دیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جہاں لاکھوں پاکستانیوں نے اس عام شہری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا: ’’ایسا لگتا ہے بھائی اسی لمحے کے انتظار میں تھا!‘‘ جبکہ ایک اور نے کہا: ’’پاکستانی اپنی مٹی کے لیے کچھ بھی کر گزر سکتے ہیں۔‘‘ ایک اور ردعمل میں کہا گیا: ’’یہ ہے اصل پاکستان، جو دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے۔‘‘