اسلام آباد(این این آئی) بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے دنیا کو حیران کر دیا۔انٹرنیشنل میڈیا اور عالمی ماہرین کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پاکستان کی پذیرائی کی جارہی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے ( بی بی سی)کے مطابق بھارت کی حکمتِ عملی ناکام رہی اور پاکستان کو فوجی محاذ پر برتری حاصل ہوئی ، بھارت فیصلہ کن ضرب لگانے میں ناکام رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت کے لیے چیلنج ہے، اربوں خرچ کر کے بھی بھارت کو فائدہ نہ ہوا۔برطانوی جریدے ٹیلی گراف نے پاکستان کی موثر دفاعی حکمتِ عملی کو سراہا اور بھارتی طیاروں پر سخت سوالات اٹھائے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رافیل جیسے جدید بھارتی طیاروں کی تباہی بھارت کے لیے تضحیک آمیز شکست ہے جبکہ پاک فضائیہ، فضائوں کی حکمران ہے۔
ٹیلی گراف کے مطابق پاکستانی طیاروں نے ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے جدید میزائل استعمال کرتے ہوئے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جبکہ پاکستان نے رافیل جیسے مہنگے بھارتی طیارے گرا کر نہ صرف اپنی فضائی برتری ثابت کر دی بلکہ عالمی سطح پر عسکری ماہرین کو حیران کر دیا۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تاریخ میں پہلی بار رافیل طیارے تباہ کیے گئے ہیں۔دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان نے بھارتی فوجی کیمپس اور ایئر بیسز کو بھاری تقصان پہنچایا، پاکستان کے حملے کے بعد بھارت نے امریکہ سے رابطہ کیا، اور امریکہ سے سفارتی حل نکالنے کا کہا۔ماہرین کی جانب سے کہا گیا کہ حقائق سے ثابت ہوا کہ پاکستان کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی فضائی و عسکری برتری برقرار رکھے ہوئے ہے۔