لاہور( این این آئی)محکمہ سکولزو ہائیر ایجوکیشن نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 2 دن کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے جمعہ 9 مئی اور ہفتہ 10 مئی کو بند رہیں گے۔
چھٹیوں کے احکامات پنجاب بھر کے سکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کیلئے ہیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اس دوران پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ کے جاری امتحانات اور پریکٹیکل بھی 2 روز کیلئے ملتوی کر دئیے گئے ہیں۔ منسوخ شدہ پیپرز اور پریکٹیکل کی نئی تواریخ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیر 12 مئی سے تدریسی عمل معمول کے مطابق شروع ہوگا۔ دوسری جانب او لیول، اے لیول کے امتحانات کو شیڈول کے مطابق جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ محکمہ سکول و ہائیر ایجوکیشن نے اس ضمن میں الگ الگ نوٹیفیکیشن جاری کر دئیے ہیں۔