کراچی(این این آئی)ملک میں ماحولیاتی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے اثرات شدت اختیار کرتے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں رواں سال اپریل کا مہینہ ملکی تاریخ کے گرم ترین مہینوں میں شامل ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل 2025 ملک کے 65 سالہ موسمیاتی ریکارڈ میں دوسرا گرم ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔ اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ اپریل کے دوران درجہ حرارت اوسطا معمول سے 3.37 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ ماہ(اپریل) میںدن کے وقت گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوا اور اوسط درجہ حرارت معمول سے 4.66 ڈگری زائد رہا۔ اسی طرح راتوں کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ نوٹ کیا گیا، جو معمول سے 2.57 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہوا۔ملک کا سب سے گرم دن 17 اپریل کو شہید بینظیر آباد (سابقہ نوابشاہ)میں ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔
موسمیاتی ماہرین کے مطابق یہ گرمی صرف درجہ حرارت تک محدود نہیں رہی بلکہ بارشوں میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کے دوران ملک میں بارشوں کی شرح معمول سے 59 فیصد کم رہی، جس نے خشکی اور موسمی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ماحولیاتی ماہرین اس صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خبردار کر رہے ہیں کہ اگر فوری اور مثر اقدامات نہ کیے گئے تو آئندہ مہینے مزید خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔