اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارتی شہر چنئی میں علاج کے دوران بلوچستان کا ایک نوجوان جان کی بازی ہار گیا، لیکن اسپتال انتظامیہ نے بقایا رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر میت حوالے کرنے سے انکار کر دیا۔ غمزدہ ماں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، بلوچستان کے 23 سالہ سید اریان شاہ کو دل اور پھیپھڑوں کی بیماری لاحق تھی، جس کے علاج کے لیے وہ چنئی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھا۔ افسوسناک طور پر وہ دوران علاج جانبر نہ ہو سکا۔
بلوچستان حکومت کی جانب سے اس کے علاج کے لیے تین کروڑ روپے فراہم کیے گئے تھے، تاہم علاج کے اخراجات اس سے زیادہ ہو گئے۔ اب بھارتی اسپتال انتظامیہ بقایا رقم کا مطالبہ کر رہی ہے اور بقایا جات کی عدم ادائیگی پر میت روک لی گئی ہے، جس سے انسانیت سوز صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
اریان شاہ کی والدہ نے ایک دل خراش ویڈیو پیغام میں حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرے تاکہ ان کے بیٹے کی میت وطن واپس لائی جا سکے۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اور عوام بھی متاثرہ خاندان کی مدد کی درخواست کر رہے ہیں۔