اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سیاحت کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ خوبصورت وادی ناران کو پانچ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ناران میں سیاحتی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوٹلز ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک دعائیہ تقریب کے انعقاد سے ہوا۔
اس موقع پر خیر و برکت کے لیے ایک بیل بھی قربان کیا گیا۔سیاحتی سیزن کی بحالی کے ساتھ ہی ناران کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس نے بھی اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں، اور ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس سے علاقے میں رونقیں لوٹ آئی ہیں۔ادھر کاغان ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک کو بحال کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے، تاکہ سیاح با آسانی برف سے ڈھکی جھیل کے دلفریب مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔ناران کی دوبارہ بحالی نے نہ صرف سیاحوں کو خوشی دی ہے بلکہ مقامی کاروباری افراد کے لیے بھی امید کی کرن بن گئی ہے۔