اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — اگر آپ والدین ہیں اور اپنے بچے کا ب فارم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اب اس مقصد کے لیے نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ب فارم حاصل کرنے کے عمل کو سہل بنانے کے لیے آن لائن سروس متعارف کروا دی ہے، جو کہ ایک سال کی عمر تک کے بچوں کے لیے دستیاب ہے۔
اب آپ نادرا کی ’پاک آئی ڈی‘ موبائل ایپ یا ویب پورٹل کے ذریعے اپنے بچے کی رجسٹریشن گھر بیٹھے مکمل کر سکتے ہیں۔
رجسٹریشن کا مرحلہ وار طریقہ:
سب سے پہلے Pak-ID ایپ یا ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنائیں یا لاگ ان کریں۔
’درخواست دیں‘ کے آپشن پر جائیں اور ’شناختی دستاویز کے اجرا‘ کا انتخاب کریں۔
پھر ’چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ‘ کو منتخب کریں اور اپنی شناختی معلومات درج کریں۔
ایپلیکیشن کا آغاز کریں، بچے کی تصویر اپ لوڈ کریں یا براہِ راست ایپ سے کھینچیں۔
درخواست میں والدین کے دستخط اور بچے کی تفصیلات فراہم کریں۔
مطلوبہ دستاویزات اسکین یا اپ لوڈ کریں اور کسی ایک والد یا والدہ کے بایومیٹرک فنگر پرنٹس کی تصدیق کریں۔
تمام اندراجات کو اچھی طرح چیک کریں اور فارم جمع کروا دیں۔
فیس کی تفصیل:
عام طریقہ کار کے تحت ب فارم کی فیس صرف 50 روپے ہے۔
اگر آپ ایمرجنسی یا فوری سروس چاہتے ہیں تو ’ایگزیکٹو‘ سہولت بھی دستیاب ہے جس کی قیمت 500 روپے رکھی گئی ہے۔
یہ سروس صرف ان بچوں کے لیے کارآمد ہے جن کی عمر ایک سال یا اس سے کم ہو۔ اگر بچہ ایک سال سے بڑا ہے، تو والدین کو قریبی نادرا دفتر کا رخ کرنا ہوگا۔