اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ کے دوران آل راؤنڈر خوشدل شاہ اور کچھ شائقین کے درمیان پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
پی سی بی کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ غیر ملکی تماشائیوں نے میدان میں موجود کھلاڑیوں کے خلاف نازیبا اور اشتعال انگیز جملے بازی شروع کی۔ کرکٹر خوشدل شاہ نے جب انہیں ایسا کرنے سے باز رہنے کا کہا تو ان شائقین نے پشتو زبان میں مزید توہین آمیز الفاظ کہے، جس پر ماحول کشیدہ ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق ان میں سے چند شائقین افغان باشندے تھے جنہوں نے خوشدل شاہ کو جسمانی طور پر بھی اشتعال دلانے کی کوشش کی۔ جب آل راؤنڈر صورتحال پر قابو پانے کے بجائے اُن کی طرف بڑھنے لگے تو سیکیورٹی اہلکاروں اور ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے معاملہ سنبھال لیا۔
پاکستانی ٹیم انتظامیہ کی جانب سے شکایت درج کروانے کے بعد متعلقہ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے دو غیر ملکی شائقین کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی عزت اور تحفظ اولین ترجیح ہے، اور اس قسم کے غیر مہذب رویے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔