کراچی (نیوزڈیسک) صدر چائنا آرمز کنٹرول اینڈ ڈس آرمیمنٹ ایسوسی ایشن ایمبسڈر ”شازوکونگ “ نے کہا کہ پاک چین تعلقات باہمی غیر متزلزل تعاون اور بھروسے کا لازوال تعلق قائم ہے اور پاک چین تعلقات مختلف مواقعوں پر آزمائش سے گزرکر کامیابی سے قائم ودائم ہے۔چین ایک عظیم معاشی قوت بن چکی ہے جو دنیا کے لئے باعث حیرت ہے جس کا بڑا سبب معاشی سیکٹر میں دوررس نتائج رکھنے والے قومی فیصلے ہیں۔انہوں نے چین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت واپس دلوانے میں پاکستان کے مخلصانہ اور اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کڑے وقتوں میں چین کا ساتھ دیا اور دنیا کے دوسرے ممالک سے روابط قائم کرائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ بین الاقوامی تعلقات جامعہ کراچی کے زیر اہتمام منعقدہ لیکچر بعنوان: “Strengthening Cooperation between China and Pakistan, including on nuclear security, disarmament and nonproliferation ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین تمام ریاستوں سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتا ہے اور پاکستان سے بھی برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کئے ہوئے ہیں۔چین پاک چائنا اقتصاراہداری منصوبے میں 46 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کررہاہے اور یہ راہداری چین کی دوسری تمام راہداریوں کے لئے ایک رول ماڈل ہوگا۔اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاک چین دوستی کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند ،سمندر سے گہری ،لوہے سے مضبوط اور شہد سے میٹھی ہے۔دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے باہمی مفادات کا دفاع کیا ہے اور مشکل حالات میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ نہیں چھوڑا۔پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور ہم سب کو اپنے پاکستانی ہونے پر فخر ہونا چاہیئے ،شاہراہ قراقرم کی تعمیر پاک چین تعلقات میں ایک بریک تھرو رکھتی ہے اور اس تاریخی تعمیر سے دونوں ممالک اور اقوام مزید قریب آگئے ۔چیئر مین شعبہ بین الاقوامی تعلقات پروفیسر ڈاکٹر مطاہر احمد نے کہا کہ پاکستان اور چائنا دو عظیم ممالک ہیں اور ان کے درمیان اعلیٰ درجے کا اعتماد اور باہمی تعاون کا مستحکم رشتہ قائم ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان دو ممالک کے درمیان قائم مضبوط تعلقات مستقبل میں مزید کامیابیوں کا سبب بنے گے۔شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے اسسٹنٹ پروفیسرفہیم الدین نے کلمات تشکر اداکرتے ہوئے چین سے تشریف لائے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ پاک چائنا تعلقات دونوں ممالک کے اقوام کے لئے ایک متاثر کن مشعل راہ کا درجہ رکھتے ہیں۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم،ڈاکٹر نعیم احمد اور محمد فیصل اعوان بھی موجود تھے ۔تقریب کے اختتام پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے ایمبسڈر شازوکونگ کو شیلڈ پیش کی۔