اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہ کرنے کے حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا گیا، اس قسم کی خبریں بے بنیاد اور حقیقت کے منافی ہیں۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایسی کوئی بات نہیں کی، نہ ہی انہوں نے سرکاری ملازمین کے پے اسکیلز یا تنخواہوں میں اضافے سے متعلق کوئی اعلان کیا۔
وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں ایک معزز رکن کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو آگاہ کیا گیا تھا کہ آئندہ مالی سال کے دوران سرکاری ملازمین کے پے اسکیلز میں ترمیم یا تنخواہوں اور الاؤنسز میں کسی بڑے اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔
اس سے قبل کچھ ذرائع ابلاغ میں یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا جائے گا اور اس حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔
وزیر خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں بھی یہ کہا گیا تھا کہ سرکاری ملازمین کے الاؤنسز اور پے اسکیلز پر نظرثانی کی کوئی تجویز موجود نہیں۔ تاہم، سرکاری ملازمین کے لیے ہاؤسنگ الاؤنس اور دیگر سہولیات کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے۔
بعد ازاں وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں ان تمام خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ وزیر خزانہ کی طرف سے ایسا کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔